ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور چلو ریلی نکالنے کی کوشش میں بی جے پی لیڈروں کی گرفتاریاں؛ بنگلور، میسور اور اُترکنڑا کے یلاپور میں پولس کی سخت کاروائی

مینگلور چلو ریلی نکالنے کی کوشش میں بی جے پی لیڈروں کی گرفتاریاں؛ بنگلور، میسور اور اُترکنڑا کے یلاپور میں پولس کی سخت کاروائی

Tue, 05 Sep 2017 18:41:40    S.O. News Service

بھٹکل5/ستمبر (ایس او نیوز) مینگلور چلو بائک ریلی پر حکومت کی جانب سے پابندی عائد کئے جانے کے بعد بی جے پی لیڈران نے  بنگلور، میسور، مینگلور، ہبلی اور ضلع اُترکنڑا کے یلاپورسمیت کئی  حصوں میں احتجاج کیا ہے جس کے دوران پولس کے ساتھ مڈبھیڑ بھی ہونے کی خبر ہے، جس پر کاروائی کرتے ہوئے پولس نے کئی علاقوں میں بی جے پی کے رہنمائوں کو گرفتار کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ انتظامیہ مینگلور چلو بائک ریلی کسی حال میں بھی نہیں ہونے دیں گے۔

 بنگلور میں مینگلور چلو ریلی نکالنے کے دوران پولس نے ڈپٹی وزیراعلیٰ آر اشوک، لوک سبھا ممبر پرتاپ سمہا، شوبھا کرندلاجے اور ارکان پارلیمان اروند لمباولی  اور ستیش ریڈی سمیت  کئی دیگر بی جے پی لیڈران کو اپنی تحویل میں لے لیا، اُدھر ضلع اُتر کنڑا کے یلاپور میں بائک ریلی نکالنے کی اجازت نہ دئے جانے پر بی جے پی کارکنوں نے احتجاج شروع کیا اور وزیراعلیٰ سدارمیا کا پتلہ نذر آتش کرنے کے بعد نیشنل ہائی وے 63 کو بلاک  کرنے کی کوشش کی جس پر پولس نے سابق ریاستی وزیر اور سرسی کے رکن اسمبلی ویشویشور ہیگڈے کاگیری اور سُنیل ہیگڈے سمیت  کئی لوگوں کو گرفتار کرلیا۔قریبی علاقہ منڈگوڈ میں بھی  بی جے پی کے قریب 23 لوگوں کو بائک ریلی میں شامل ہونے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا . البتہ معاملہ ٹھنڈا ہونے کے بعد سبھوں کو چھوڑ دیا گیا۔  یہاں حالات پرنگاہ بنائے رکھنے کے لئے ضلع اُترکنڑا کے ایس پی ونائیک پاٹل  یلاپور میں ہی موجود ہیں اور پولس کا سخت بندوبست کیا گیا ہے۔

ہبلی میں بھی مینگلور چلو بائک ریلی کا اہتمام کرنے کی کوشش کی گئی، مگر پولس اور ہبلی انتظامیہ نے اُسے ناکام بنادیا ۔ ہبلی سے ملی اطلاع کے مطابق ہبلی شہر کے نواحی علاقے انچٹگیری میں پولس نے مینگلور چلو بائک ریلی کو  روک لیااورریاست کے سابق وزیراعلیٰ جگدیش شٹر ، پرہلاد جوشی سمیت بی جے پی یوتھ مورچہ کے قریب  500کارکنوں کو گرفتارکرلیا۔

 بی  جے پی نے مینگلور میں 7/ستمبر کو مینگلور چلو بائک ریلی کا اہتمام کیا تھا، جس کے متعلق بتایا گیا تھا کہ بنگلور، ہبلی، شموگہ، میسور وریاست کے دیگرشہروں سے آج  5/ ستمبر کو بائک ریلی نکلے گی اور 7 ستمبر کو مینگلو رپہنچے گی، مگر ریاستی انتظامیہ نے اس ریلی پر پابندی عائد کردی۔ ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ  ریاست کے کئی حصوں میں بائک ریلی نکالنے کے دوران پولس نے کاروائی کرتے ہوئے بی جے پی کے کئی ورکروں کو گرفتار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پولس نے کلبرگی، بیلگاوی اور بیلاری میں بھی بائک ریلی کو ناکام بناتے ہوئے بی جے پی ورکروں کو اپنی تحویل میں لیا ہے۔

 


Share: